jump to navigation

Himayat Ali Shair – حمایت علی شاعر July 16, 2019

Posted by Farzana Naina in Poetry.
Tags: ,
trackback

نامور شاعر جناب حمایت علی شاعر کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں وفات پاگئے ہیں، ان کی تدفین بھی ٹورنٹو میں ہوگی۔

Himayat ali shair - Jaag utha hai sara watan 3

جناب حمایت علی شاعر: 14 جولائی 1926ء کو اورنگ آباد دکن میں پیدا ہوئے تھے۔

قیام پاکستان کے بعد انھوں نے کراچی میں سکونت اختیار کی اور سندھ یونیورسٹی سے اردو میں ایم اے کیا، بعد ازاں وہ اسی جامعہ میں درس و تدریس کے فرائض انجام دیتے رہے ۔

جناب حمایت علی شاعر کے چار شعری مجموعے آگ میں پھول ، مٹی کا قرض ، تشنگی کا سفر اورہارون کی آواز شائع ہوچکے ہیں جبکہ ان کتابوں کا انتخاب حرف حرف روشنی کے عنوان سے شائع ہواتھا۔ 

انھیں یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ انھوں نے اپنی خود نوشت سوانح عمری مثنوی کی ہئیت میں تحریر کی جو آئینہ در آئینہ کے نام سے اشاعت پذیر ہو چکی ہے۔

حمایت علی شاعر کی دو نثری کتابیں شیخ ایاز اور شخص و عکس بھی شائع ہو چکی ہیں۔ 

اردو شاعری میں ان کا ایک کارنامہ تین مصرعوں ہر مشتمل ایک نئی صنف سخن ’’ ثلاثی ‘‘ کی ایجاد ہے ۔

جناب حمایت علی شاعر نے مختلف شعبوں میں کام کیا ہے جن میں تدریس ، صحافت، ادارت، ریڈیو، ٹیلیوژن اور فلم کے علاوہ تحقیق کا شعبہ نمایاں ہے۔

ٹیلی ویژن پر ان کے کئی تحقیقی پروگرام پیش کئے جا چکے ہیں ،جن میں پانچ سو سالہ علاقائی زبانوں کے شعراء کا اردو کلام خوشبو کا سفر ،اردو نعتیہ شاعری کے سات سو سال پر ترتیب دیا گیا پروگرام عقیدت کا سفر،احتجاجی شاعری کے چالیس سال پر ترتیب دیا گیا پروگرام لب آزاد، پانچ سو سالہ سندھی شعرا کا اردو کلام محبتوں کے سفیراور تحریک آزادی میں اردو شاعری کا حصہ نشید آزادی کے نام سر فہرست ہیں۔

جناب حمایت علی شاعر نے متعدد فلموں کے لیے گیت بھی تحریر کیے جنھیں نگار اور مصور ایوارڈ سے نوازا گیا۔

ان فلموں میں جب سے دیکھا ہے تمھیں، دل نے تجھے مان لیا،دامن،اک تیرا سہارا،خاموش رہو، کنیز، میرے محبوب، تصویر، کھلونا، درد دل، لوری اور نائلہ کے نام سر فہرست ہیں۔ 

انھوں نے ایک فلم لوری بھی پروڈیوس کی تھی جو اپنے وقت کی کامیاب ترین فلم تھی۔ 

حمایت علی شاعر کے فلمی نغمات کا مجموعہ بھی “تجھ کو معلوم نہیں” کے نام سے شائع ہوچکا ہے ۔

بشکریہ: عقیل عباس جعفری

آنکھ کی قسمت ہے اب بہتا سمندر دیکھنا

اور پھر اک ڈوبتے سورج کا منظر دیکھنا

شام ہو جائے تو دن کا غم منانے کے لیے

ایک شعلہ سا منور اپنے اندر دیکھنا

روشنی میں اپنی شخصیت پہ جب بھی سوچنا

اپنے قد کو اپنے سائے سے بھی کم تر دیکھنا

سنگ منزل استعارہ سنگ مرقد کا نہ ہو

اپنے زندہ جسم کو پتھر بنا کر دیکھنا

کیسی آہٹ ہے پس دیوار آخر کون ہے

آنکھ بنتا جا رہا ہے روزن در دیکھنا

ایسا لگتا ہے کہ دیواروں میں در کھل جائیں گے

سایۂ دیوار کے خاموش تیور دیکھنا

اک طرف اڑتے ابابیل اک طرف اصحاب فیل

اب کے اپنے کعبۂ جاں کا مقدر دیکھنا

صفحۂ قرطاس ہے یا زنگ خوردہ آئینہ

لکھ رہے ہیں آج کیا اپنے سخن ور دیکھنا

Blue flower candle

شاعر؛ حمایت علی شاعر

 

ہر قدم پر نت نئے سانچے میں ڈھل جاتے ہیں لوگ

دیکھتے ہی دیکھتے کتنے بدل جاتے ہیں لوگ

کس لیے کیجے کسی گم گشتہ جنت کی تلاش

جب کہ مٹی کے کھلونوں سے بہل جاتے ہیں لوگ

کتنے سادہ دل ہیں اب بھی سن کے آواز جرس

پیش و پس سے بے خبر گھر سے نکل جاتے ہیں لوگ

اپنے سائے سائے سرنہوڑائے آہستہ خرام

جانے کس منزل کی جانب آج کل جاتے ہیں لوگ

شمع کے مانند اہل انجمن سے بے نیاز

اکثر اپنی آگ میں چپ چاپ جل جاتے ہیں لوگ

شاعرؔ ان کی دوستی کا اب بھی دم بھرتے ہیں آپ

ٹھوکریں کھا کر تو سنتے ہیں سنبھل جاتے ہیں لوگ

Blue flower candle

حمایت علی شاعر کی فلمی شاعری کی مکمل تفصیلحمایت علی شاعر کی ریلیز کے تناظر میں فلمساز اقبال شہزاد اور ھدایتکار حسن طارق کی “بنجارن ” قرار پائی جس میں ان کا لکھا ھوا ایک سونگ شامل ھوا جس کے بول تھے

“پٹ گھونگھٹ کے کھولے تو جھٹ پٹ آجا بابو جی “

اس گیت کو دیبو نے کمپوز کیا تھا

بعد ازاں اسی سال اقبال یوسف کی جاسوسی فلم

“دال میں کالا ” ریلیز ھوئی اور اس فلم میں بھی ان کا ایک نغمہ

” سمجھ نہ آئے دل کو کہاں لے جاؤں صنم میرے صنم ” مصلح الدین کی دُھن میں صدابند ھوا تھا

اسی سال یعنی 1962 میں الحامد کی “آنچل ” پہلی فلم تھی جس کے تمام نغمات حمایت علی شاعر نے لکھے جنہیں موسیقار خلیل احمد (پہلی فلم) نے دلکش دُھنوں سے مزیّن کیا تھا جس میں بیشتر نے مقبولیت اور پسندیدگی کا درجہ حاصل کیا,

بالخصوص

“تجھ کو معلوم نہیں تجھ کو بھلا کیا معلوم”

اور

” کسی چمن میں رھو تم بہار بن کے رھو “

آج بھی ذوق و شوق سے سُنے جاتے ھیں

اسی فلم سے انہیں سال کے بہترین شاعر کا پہلا نگار ایوارڈ تفویض ھوا

حمایت علی شاعر نے مجموعی طور پر ریلیز شدہ 32 فلمز میں 130 نغمات لکھے

جبکہ ” لوری ” کے علاوہ انہوں نے ایک اور فلم” گڑیا ” بھی پروڈیوس کی تھی جو مکمل ھونے کے باوجود ریلیز سے محروم رھی

سال با سال کارکردگی کا ایک جائزہ

1..بنجارن………………………… 1962…..(ایک سونگ

2..دال میں کالا…………….. …1962…..(ایک سونگ

3..آنچل……………………………..1962…..(9, سونگس

4..جب سے دیکھا ھے تمہیں..1963…..(9, سونگس

5..دل نے تجھے مان لیا……….1963……(7, سونگس

6..شرارت………………………….1963……(ایک سونگ

7..دامن…………………………….1963……(7, سونگس

8..اِک تیرا سہارا………………. 1963……(ایک سونگ

9..تانگے والا…………………….. 1963……(2, سونگس

10..انسپکٹر……………………. 1964…….(6, سونگس

11..جھلک………………………. 1964…….(3, سونگس

12..خاموش رھو…………….. 1964…….(3, سونگس

13..مجاھد……………………… 1965…….(3, سونگس

14..کنیز…………………………. 1965…….(7, سونگس

15..تصویر……………………….1966…….(7, سونگس

16..عادل……………………….. 1966…….(2, سونگس

17..بدنام……………………….. 1966…….(ایک سونگ

18..میرے محبوب………….. 1966…….(8, سونگس

19..لوری……………………….. 1966…….(8, سونگس

20..دردِ دل ……………….1966…….(8, سونگس

21..پائل کی جھنکار………. 1966…….(ایک سونگ

22..میں وہ نہیں……………. 1967…….(7, سونگس

23..حُسن کا چور…………… 1967…….(5, سونگس

24..اُلفت……………………….. 1967…….(ایک سونگ

25..کھلونا…………………….. 1968…….(6, سونگس

26..بالم………………………… 1968……. (6, سونگس

27..چودھویں صدی…….. 1969……..(ایک سونگ

28..جھک گیا آسمان…….. 1970……..(ایک سونگ

29..شہر اور سائے………… 1974……. (4, سونگس)

30..خاندان………………….. 1980 ……..(ایک سونگ

31..آس پاس……………….. 1982………(ایک سونگ

32.. چکر…………………….. 1988 …….. (2, سونگس

حمایت علی شاعر کے چند مقبول فلمی سونگس…

**کسی چمن میں رھو تم بہار بن کے روپ…

فلم آنچل

** تجھ کو معلوم نہیں تجھ کو بھلا کیا معلوم..

فلم آنچل

**ھم نے تو تمہیں دل دے ھی دیا…

فلم پائل کی جھنکار

**اپنے پرچم تلے ھر سپاھی چلے….

فلم اک تیرا سہارا

**یہ خوشی عجب خوشی ھے…..

فلم جب سے دیکھا ھے تمہیں

**نہ چھڑا سکو گے دامن نہ نظر بچا سکو گے…

فلم دامن

**میں نے تو پریت نبھائی تھی سانوریا نکلا تو ھرجائی…

فلم خاموش رھو

**ساتھیو, مجاھدو, جاگ اُٹھا ھے سارا وطن…

فلم مجاھد

**پیاری ماں دعا کرو میں جلد بڑا ھوجاؤں…

فلم عادل

**ھم بھی مسافر تم بھی مسافر کون کسی کا ھوئے…

فلم بدنام

**گُل کہوں, خوشبو کہوں, ساغر کہوں, صہبا کہوں…

فلم کھلونا

**ھوا آنچل اُڑاتی ھے اُڑانے دو….

فلم جھک گیا آسمان

**ابھی ابھی میں سوچ رھا تھا کیا گاؤں…

فلم آس پاس

بشکریہ: ملک یوسف جمال

Comments»

No comments yet — be the first.

Leave a comment

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.